ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں چوہدری پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل کے متعلق سماعت۔عدالت نے پرویز الہی سمیت دیگر کےخلاف فوری طور پر تادیبی کارروائی روکنے کی استدعا مسترد کردی ۔عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو جواب جمع کروانے کے لئے 3 مئی تک مہلت دے دی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے پرویز الہی سمیت دیگر کی درخواست کی سماعت کی ۔وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اللہ دتہ نسیم پیش ہوئے -پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ستار ساحل پیش ہوئے۔پنجاب حکومت کے وکیل نے آئی جی پنجاب پولیس، ہوم ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر فریقین کا جواب جمع کرایا-فاضل جج نے استفسار کیا کون رہ گیا ہے- وفاق کا جواب کہاں ہے ؟ عدالت کو بتایا گیا کہ ابھی وفاق کا جواب آنا باقی ہے۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب داخل کرانے کے لئے مہلت طلب مانگی۔درخواست گزاروں کے وکیل نے تادیبی کارروائی رکوانے کے لئے عدالت سے حکم امتناعی کی درخواست کی -فاضل جج نے وکیل سے کہا یہ بہت بھاری ہو جاتا ہے - فی الحال ایسا کوئی حکم جاری نہیں کرسکتے۔ عدالت نے حکم امتناعی کی استدعا مسترد کرتےہوئے مزید سماعت 3 مئی تک ملتوی کردی-چوہدری پرویزالہی ، چوہدری وجاہت الہی ، راسخ الہی اور موسی الہی نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیل کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔آئی جی پنجاب سمیت دیگرکی جانب سے جواب جمع کروادیا گیاہے۔