ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزٹ ویزا پر بیرونِ ملک جا کر ملازمت تلاش کرنے سے متعلق اہم وضاحت

وزٹ ویزا پر بیرونِ ملک جا کر ملازمت تلاش کرنے سے متعلق اہم وضاحت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: وزٹ یا ٹورسٹ ویزا پر بیرونِ ملک جا کر ملازمت تلاش کرنے اور ویزا آسانی سے ورک ویزا میں تبدیل ہونے سے متعلق اہم وضاحت سامنے آگئی۔

قانونی و امیگریشن ماہرین کے مطابق وزٹ ویزا صرف سیاحت یا مختصر قیام کے لیے ہوتا ہے اور اس پر ملازمت کرنا قانوناً ممنوع ہے امیگریشن قواعد کے تحت اکثر ممالک وزٹ ویزا پر کام کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔ اگرچہ چند ممالک مخصوص اور سخت شرائط کے تحت ویزا اسٹیٹس میں تبدیلی کی اجازت دیتے ہیں، تاہم یہ کوئی حق یا ضمانت نہیں ہوتی۔ ہر ملک کے قوانین، ویزا کی اقسام اور درخواست دہندہ کی شرائط الگ ہوتی ہیں۔

وزٹ ویزا پر غیر قانونی طور پر کام کرنے کی صورت میں تنخواہ نہ ملنے، استحصال، قانونی ملازم کے حقوق سے محرومی، جرمانے، گرفتاری یا حراست کا سامنا ہوسکتا ہے غیر قانونی ملازمت کے نتیجے میں ویزا منسوخی، ملک بدری، بلیک لسٹنگ یا دوبارہ ملک میں داخلے پر پابندی بھی عائد ہوسکتی ہے، جبکہ مستقبل میں قانونی ویزا حاصل کرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

متعلقہ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایجنٹوں کے اس دعوے پر اعتبار نہ کیا جائے کہ پہلے وزٹ ویزے پر بیرونِ ملک چلے جائیں اور بعد میں ورک ویزا بن جائے گا۔ ویزا قوانین کی تصدیق صرف متعلقہ ملک کی سرکاری امیگریشن ویب سائٹ سے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بیرونِ ملک ملازمت کے لیے قانونی راستہ اختیار کرنے، تصدیق شدہ جاب آفر، باقاعدہ ورک ویزا، تحریری ایمپلائمنٹ کنٹریکٹ اور حکومتِ پاکستان سے پروٹیکٹر رجسٹریشن مکمل کرنے کے بعد سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔