سٹی 42: پاکستان کے لئے نامزد سعودی سفیر، ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی پاکستان پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی آج صبح اسلام آباد پہنچے، پاکستانی وزارتِ خارجہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (پروٹوکول) خوشان سعید نے نامزد سعودی سفیر کا استقبال کیا، اس موقع پر سعودی ناظم الامور نائف بن حمود بن ملافخ بھی موجود تھے۔سعودی سفارت خانے کا دیگر عملہ بھی سعودی سفیر کے استقبال کے لئے موجود تھا۔
ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی پیر سے اپنے دفتر کا چارج سنبھالیں گے،راجح بن طامی البقمی سعودی مسلح افواج میں بطور میجر جنرل خدمات انجام دے چکے ہیں،آج اسلام اباد پہنچنے والے میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر راجح البقمی ایک سینئر سعودی سفارت کار ہیں،وہ ان چند سعودی سفیروں میں شامل ہیں جنہیں دفاعی اور سیکیورٹی امور میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔
ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کی تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مختلف شعبوں میں مزید مضبوط ہو رہے ہیں، دفاعی شعبے میں ان کا وسیع تجربہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے سے موجود مضبوط سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا، پاک سعودی عرب اسٹریٹجک دفاعی معاہدے 2025 اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کی تقرری اہمیت کی حامل ہے،