عیسیٰ ترین: معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق پاکستان کسان اتحاد نے حکومت بلوچستان کی درخواست پر اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور دھرنا موخر کردیا ہے۔
معاون برائے محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی کے مطابق صوبائی وزیر علی مدد جتک کی قیادت میں حکومتی وفد نے کسان اتحاد کے صدر خالد بھٹ سے ملاقات کی، جس میں رکن صوبائی اسمبلی میر جہانزیب مینگل بھی شریک تھے۔
اُنہوں نے بتایا کہ حکومتی وفد نے کسان اتحاد کے صدر خالد باٹھ کو مطالبات کے حل کی یقین دہانی کرائی، جس پر انہوں نے حکومتی یقین دہانی اور درخواست قبول کرتے ہوئے لانگ مارچ موخر کرنے کا اعلان کیا۔
بابر یوسفزئی کے مطابق ملکی حالات اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کسان اتحاد نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور کسان اتحاد کے درمیان مذاکرات مثبت پیش رفت کی جانب اہم قدم ہیں جبکہ حکومت کسان برادری کے جائز مطالبات کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
ان کے مطابق کسان اتحاد کے صدر خالد باٹھ کے حکومتی وفد کو تعاون اور لانگ مارچ موخر کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔