ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سیف سٹی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت قانون منظور

سیف سٹی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت قانون منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 اویس کیانی  : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں سیف سٹی کیمروں اور سرویلنس انفراسٹرکچر کے تحفظ اور انہیں پہنچنے والے نقصان کی تلافی سے متعلق آرڈیننس کی منظوری دیدی۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق آرڈیننس کی منظوری وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر دی گئی ، نئے قانون کے تحت سیف سٹی کیمروں یا دیگر سرویلنس انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے، اس پر اکسانے یا اس کی ترغیب دینے پر جرمانہ عائد کیا جا سکے گا،کسی کیمرے یا سرویلنس انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے کی صورت میں فی کیمرا یا انفراسٹرکچر20 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔
آرڈیننس کے مطابق جلسے، جلوس، دھرنے، احتجاج، ہڑتال یا کسی اجتماع کے دوران سیف سٹی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کی صورت میں اس کے منتظمین کو بھی نقصان کا ذمہ دار قرار دیا جا سکتا ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ جرمانے یا نقصان کی تلافی کی رقم کا تعین مجاز افسر کی جانب سے متعلقہ شخص کو شنوائی کا موقع دینے کے بعد کیا جائے گا،اس فیصلے کے خلاف متعلقہ شخص کو 30 دن کے اندر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کے سامنے اپیل کرنے کا حق حاصل ہوگا۔
آرڈیننس کے تحت مقررہ جرمانہ یا نقصان کی رقم ادا نہ کیے جانے کی صورت میں اسے اراضی کے محصول کے بقایا جات کی طرح وصول کیا جا سکے گا،جرمانوں اور نقصان کی تلافی سے حاصل ہونے والی رقم سیف سٹی کیمروں اور سرویلنس انفراسٹرکچر کی مرمت اور تبدیلی پر خرچ کی جائے گی۔

 ایوانِ صدر کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ آرڈیننس کا بنیادی مقصد اسلام آباد کے سیف سٹی کیمروں اور سرویلنس انفراسٹرکچر کو نقصان سے محفوظ رکھنا اور نقصان کی صورت میں اس کی تلافی یقینی بنانا ہے۔