رانا آزر: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا انڈر 17 ٹیم کے خلاف شیڈول سیریز کیلئے پاکستان انڈر 17 سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے,اذان احمد کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جو سری لنکا کے خلاف سیریز میں قومی انڈر 17 ٹیم کی قیادت کریں گے۔
سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے 16 رکنی سکواڈ کے ساتھ 4 ریزرو کھلاڑیوں کا بھی انتخاب کیا گیا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا انڈر 17 ٹیموں کے درمیان سیریز 9 سے 24 اکتوبر تک ملتان میں کھیلی جائے گی، جس میں ایک تین روزہ اور پانچ ایک روزہ میچز شامل ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق سری لنکا انڈر 17 ٹیم 5 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔ اذان احمد اس سال راولپنڈی کی قیادت کرتے ہوئے نیشنل انڈر 17 کپ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔
پاکستان انڈر 17 سکواڈ میں اذان احمد (کپتان)، عبداللہ احمد بٹ، ارسلان حسن، داؤد توقیر رانا، فہد اقبال، حامد رضا، حمزہ عباس بلوچ، حسن علی، محمد عیسیٰ بلوچ، محمد احسان، محمد نوید، محمد صائم، محمد یعقوب خان، محمد یوسف، شیر ولی خان اور سدیس احمد شامل ہیں۔
جبکہ عمار خان، عماد علی شاہ، نفیس اختر اور ثاقب خان کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔