علی ساہی:پنجاب پولیس نے اپنے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کے لیے مزید 18 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق میڈیکل فنانشل اسسٹنس کمیٹی کی سکروٹنی کے بعد فنڈز کے اجرا کی منظوری دی گئی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے، جبکہ مختلف اداروں کے ساتھ ایم او یوز کے تحت بھی ملازمین کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ڈی ایس پی قدیر احمد کو اہلیہ کے علاج کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار روپے، آفس سپرنٹنڈنٹ عابد حسین چیمہ کو اہلیہ کے علاج کے لیے 2 لاکھ 15 ہزار روپے جبکہ سب انسپکٹر محمد اکمل اور وائرلیس کانسٹیبل عابد حسین کو علاج معالجے کے لیے 2، 2 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔
لیڈی کانسٹیبل فرزانہ کوثر کو بھی علاج کے لیے 2 لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے۔
ڈی ایس پی رؤف احمد اور مرحوم کانسٹیبل عبدالغفور کی بیوہ کو ایک، ایک لاکھ روپے، جبکہ کانسٹیبلز مظہر عباس اور محمد سہیل کو علاج معالجے کی مد میں ایک، ایک لاکھ روپے جاری کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق کانسٹیبلز فرحان ریاض، بلال عاصم اور شاہد احمد کو علاج معالجے کے لیے مجموعی طور پر 2 لاکھ 67 ہزار روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔