زاہد اقبال رانا: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی گوجرانوالہ پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ نےعام ڈالے میں سفر کیا۔
وزیر اعلی محسن نقوی کالاہورسیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے15.2کلومیٹر بے نظیر چوک سے واہنڈو تک پورے روٹ کا معائنہ کیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ارتھ ورک اور سٹرک پر پتھر ڈالنے کے کام کی رفتار چیک کی اور زیر تعمیر پلوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے 2 ۔15 کلو میٹر زیر تعمیر دو رویہ سٹرک پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔
گوجرانوالہ کو لاہور سیالکوٹ موٹر وے کے ساتھ جوڑنے والی 15.2کلو میٹر طویل لنک روڈ کاتقریباً 90 فیصد ارتھ ورک مکمل ہو چکا ہے۔ سٹرک کے مختلف مقامات پر پتھر ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے، پلوں کی تعمیر اور سب ویز پر بھی کام جاری ہے۔
لاہور سیالکوٹ موٹروے کو واہنڈو انٹرچینج سے بے نظیر چوک تک دو رویہ سڑک کے ذریعے گوجرانوالہ سے لنک کیا جائے گا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے منصوبے پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےمحسن نقوی نے کہا کہ اس لنک روڈ کے ساتھ کمرشل ایریا بھی ڈویلپ کیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے وقت کے ساتھ ایندھن کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو گی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ کا لاہور کا سفر 45 منٹ رہ جائے گا۔
سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل عمران ارشد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 15.2 کلو میٹر طویل دو رویہ کا ر پٹیڈ سڑک مو ٹر وے کے لئے بہترین رسائی فراہم کرے گی۔ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل برو ئے کار لائے جا رہے ہیں۔رائٹ آف وے سے تمام سروسز کی منتقلی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے.