(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں فرح خان عرف فرح گوگی اور انکی والدہ پر اینٹی کرپشن کے مقدمے کی سماعت، عدالت نے اینٹی کرپشن کی رپورٹ کی بنیاد پر درخواست غیر مؤثر قرار دے کر نمٹادی۔
تفصیلات کےمطابق لاہور ہائیکورٹ میں فرح خان عرف فرح گوگی اور ان کی والدہ پر اینٹی کرپشن کے مقدمے کےخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے اینٹی کرپشن کی رپورٹ کی بنیاد پر درخواست غیر مؤثر قرار دے کر نمٹادی، جسٹس محمد فیصل زمان نے فرح خان کی والدہ کی درخواست پر سماعت کی، عدالت میں اینٹی کرپشن کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی۔ جس کے مطابق فرحت شہزادی اور ان کی والدہ کےخلاف اینٹی کرپشن نے مقدمہ خارج کر دیا ہے۔
فرحت شہزادی اور ان کی والدہ سے متعلقہ کیس کی مزید تفتیش درکار نہیں، فرحت شہزادی پر میرٹ سے ہٹ کر اور اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے زمین خریدنے کا الزام عائد تھا، فرح شہزادی کی وجہ سے قومی خزانے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، درخواست میں ڈی جی اینٹی کرپشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا اینٹی کرپشن نے حقائق کے برعکس سیاسی بنیادوں پر مقدمہ درج کیا گیا، استدعا ہے کہ ہائیکورٹ اینٹی کرپشن کی جانب سے درج مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے اینٹی کرپشن کی رپورٹ کی بنیاد پر درخواست غیر مؤثر قرار دے کر نمٹادی۔