سٹی42: دھند اور کہرے کی لہر نے 24 ٹرینوں کی روانگی منسوخ کروا دی۔ ریلوے حکام نے ٹرینوں کی روانگی منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔
بنگال، بہار اور اتراکھنڈ روٹ پر 28 فروری تک 24 میل اور ایکسپریس ٹرینیں عارضی طور پر منسوخ کرنا کا فیصلہ دھند اور کہرے کے سبب کیا گیا ہے۔
بھارت میں ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ ’’ٹرینوں کی عارضی منسوخی کا یہ فیصلہ جامع جائزہ کے بعد لیا گیا ہے، تاکہ شدید کہرے کے دواران کسی حادثے کے امکانات کو صفر کیا جا سکے۔‘‘
شدید سردی اور کہرے کی فورکاسٹ کے پیش نظر ہندوستانی ریلوے نے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے۔ مشرقی وسطی ریلوے (ای سی آر) نے یکم دسمبر سے 28 فروری تک 24 میل اور ایکسپریس ٹرینوں کو عارضی طور پر منسوخ کر دیا ہے۔ ساتھ ہی کئی ٹرینوں کی آمد و رفت کے وقت میں اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
چیف پبلک ریلیشنز آفیسر سرسوتی چندرا نے بتایا کہ کہرا بڑھنے کے ساتھ ہی ٹرینوں کی رفتار کم ہو جاتی ہے اور دھند اور کہرا سگنل ویزیبلٹی کو بھی کم کرتے ہیں۔ ایسے میں ٹرینوں کی روانی میں پریشانی آتی ہے۔ ایسی صورت میں کئی ٹرینوں کی اوقات میں تبدیلی ضروری ہو جاتی ہے۔ کہرے کی وجہ سے مسافروں کو غیر ضروری دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس لیے ریلوے نے 24 میل ٹرینوں اور ایکسپریس ٹرینوں کو عارضی طور پر منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جن 24 ٹرینوں کا آپریشن منسوخ کیا گیا ہے ان میں پریاگ راج-مظفر پور ایکسپریس، ہاوڑہ-دہرادون اپاسنا ایکسپریس، کولکاتہ-ویرانگانا لکشمی بائی جھانسی ایکسپریس، مالدہ ٹاؤن-نئی دہلی ایکسپریس، برونی-انبالا ایکسپریس، پورنیہ کورٹ-امرتسر جن سیوا ایکسپریس، ڈبروگڑھ-چنڈی گڑھ ایکسپریس، کاماکھیا-گیا ایکسپریس، ہٹیا-آنند وہار ایکسپریس اور ٹاٹا-امرتسر ایکسپریس شامل ہیں۔
ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ عارضی منسوخی کا یہ فیصلہ جامع جائزہ کے بعد لیا گیا ہے، تاکہ شدید کہرے کے دواران کسی بھی قسم کے حادثہ کے امکانات کو صفر کیا جا سکے۔
ریلوے نے کئی ٹرینوں کے شیڈول میں بھی تخفیف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یعنی کچھ ٹرینیں جو ہفتہ میں 5 دن چلتی تھیں، انھیں ہفتہ میں 2 یا 3 دن ہی چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ قدم بھی کم ویزیبلٹی جیسی حالت میں ریلوے ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر رکھنے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔
جن ٹرینوں کے آپریشن میں ریلوے نے تخفیف کا فیصلہ کیا ہے ان میں گوالیر-برونی ایکسپریس، اجمیر-سیالدہ ایکسپریس، ہاوڑہ-کاٹھ گودام باگھ ایکسپریس، کولکاتا-امرتسر ایکسپریس، بھاگلپور-آنند وہار ایکسپریس، کاماکھیا-آنند وہار ایکسپریس، پاٹلی پترا-لکھنؤ ایکسپریس، پاٹلی پترا-گورکھپور ایکسپریس اور ڈبروگڑھ-لال گڑھ اودھ ایکسپریس شامل ہیں۔