روزینہ علی : نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک میں شدید گرمی کی لہر، گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 31 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ خاص طور پر سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں درجہ حرارت 40 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث شمالی علاقوں میں گلیشیئرز تیزی سے پگھل سکتے ہیں، جس سے سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور دیگر پہاڑی علاقوں میں خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔
الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ عطاآباد جھیل، کریم آباد، گلمیت ششکت بالا اور پاسو کے اطراف رابطہ سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث حساس قرار دی گئی ہیں۔
مزید یہ کہ شاہراہ قراقرم، شگر ویلی روڈ، سکردو روڈ اور دیوسائی روڈ پر بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے، ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھنے اور حساس علاقوں میں نگرانی بڑھانے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔