علی ساہی:انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور عید کے موقع پر کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آر پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر متعلقہ پولیس افسران نے عید سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے صوبے بھر میں عبادت گاہوں اور مویشی منڈیوں کی سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کیے۔
آئی جی پنجاب نے غیر ملکی قونصل خانوں، چینی ماہرین اور چینی باشندوں کی رہائش گاہوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں کی نقل و حرکت کے دوران بھی فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے تمام پولیس افسران کو غیر ملکی باشندوں کے سکیورٹی آرڈر ازسرنو مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو عبادت گاہوں کی سکیورٹی کا خود جائزہ لینے کی تاکید کی گئی جبکہ بین الصوبائی سرحدی پولیس چیک پوسٹوں اور چوکیوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تعینات اہلکار انتہائی الرٹ ہو کر فرائض انجام دیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سمیت ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے جبکہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں اور تارکین وطن کے انخلا مہم میں بھی تیزی لائی جائے۔
آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے اور سیف سٹیز کیمروں کے ذریعے حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
اجلاس میں بلال صدیق کمیانہ، محمد کامران خان، محمد علی نیکوکارا اور زاہد نواز مروت نے شرکت کی، جبکہ تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔