کومل اسلم :لاہور میں محکمہ ماحولیات کا ایکو فرینڈلی منصوبہ ناکام ہونے لگا,گاڑیوں کی سٹیکرنگ کا عمل جاری مگر آلات ساتھ چھوڑنے لگے، محکمہ ماحولیات کے ایکو فرینڈلی اقدام کے تحت دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی جانچ کا عمل جاری ہے.
لاہور کے معروف علاقے لبرٹی گول چکر سے کلمہ چوک تک گاڑیوں کی طویل قطاریں شہریوں کی بے بسی کی تصویر پیش کر رہی ہیں۔ جس کے لیے شہر بھر میں 8 کیمپس قائم کیے گئے ہیں جو دو شفٹوں میں کام کر رہے ہیں۔
تاہم، لبرٹی گول چکر پر قائم کیمپ پر عوام کا شدید رش دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں شہری گھنٹوں قطاروں میں انتظار پر مجبور ہیں۔ منصوبے کے تحت 10 اینالائزرز نصب کیے گئے تھے، مگر ان میں سے دو آلات نے کام کرنا بند کر دیا ہے، جس سے عمل مزید سست ہو گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ صبح سات بجے سے قطاروں میں خوار ہو رہے ہیں اور حکومت کو منصوبہ شروع کرنے سے پہلے اس کی خامیوں پر کام کرنا چاہیے تھا۔ ان کا شکوہ ہے کہ"منصوبے تو شروع کر لیتے ہیں، مگر بعد میں ہم خوار ہوتے ہیں۔"