سٹی 42: ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ بھٹہ خشت کے شعبے میں 166 بھٹوں کا معائنہ کیا گیا، ایک بھٹہ مسمار جبکہ 3 بھٹے سیل کردیے گئے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر بھٹہ خشت مالکان کو 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا صنعتی آلودگی کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے، اس دوران 114 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا اور 7 یونٹس سیل کیے گئے۔ مریم اورنگزیب کے مطابق ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر صنعتی یونٹس کو 4 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
پلاسٹک آلودگی کے خاتمے کے لیے بھی ای پی اے پنجاب نے کارروائیاں کیں اور 132 مقامات کا معائنہ کیا۔ غیر قانونی پلاسٹک کے خلاف کارروائی میں ایک ہزار 515 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا جبکہ 20 مقامات سیل کیے گئے مریم اورنگزیب کے مطابق پلاسٹک کے خلاف کارروائیوں میں ایک لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
تعمیراتی مقامات سے فیوگیٹو ڈسٹ کے اخراج کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔ فیوگیٹو ڈسٹ کے تدارک کے لیے ایک تعمیراتی مقام کا معائنہ کرکے نوٹس جاری کیا گیا اور مسٹ اسپرنکلر نصب کرا دیا گیا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی، خلاف ورزی پر قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔