ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

یورپی ملک مالٹا کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان

یورپی ملک مالٹا کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: یورپی ملک مالٹا نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مالٹا کے وزیراعظم رابرٹ ابیلا نے کہا ہے کہ ہم انسانیت سوز المیے پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے، فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم رابرٹ ابیلا نے واضح کیا کہ ان کا ملک 20 جون کو اقوام متحدہ کی کانفرنس کے بعد فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرے گا۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے اب تک 147 ممالک فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔ اپریل 2023 میں بھی مالٹا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کی مکمل رکنیت کے حق میں ووٹ دیا تھا، لیکن اس کے بعد باقاعدہ تسلیم نہیں کیا گیا تھا۔

دوسری جانب اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ صحافی حسن ماجدی اور ان کے اہلخانہ سمیت 38 فلسطینی شہید اور 204 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں پناہ گزین کیمپ اور خیمہ بستیاں بھی نشانہ بنی ہیں۔

اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 54 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ غزہ کا 70 فیصد علاقہ اسرائیلی قبضے میں آ چکا ہے، جس کے باعث لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

مالٹا کے اعلان کو عالمی سطح پر ایک اہم اخلاقی قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو دیگر یورپی ممالک کو بھی فلسطین کی حمایت کے لیے قدم اٹھانے پر آمادہ کر سکتا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے مالٹا کے فیصلے کو سراہا ہے اور دیگر ممالک سے بھی اسی طرز پر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔