سٹی42: گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری، محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
شہر لاہور کے باسیوں کے لیے خوشخبری، محکمہ موسمیات نے 27 مئی سے بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔ ماہرین کے مطابق شمال مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم پنجاب میں داخل ہو رہا ہے جو 27 مئی سے 31 مئی کے دوران مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش برسائے گا۔ ماہرین نے شہریوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس وقت لاہور میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم گرمی کی شدت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے
ماہرینِ موسمیات نے کسانوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ بارش کے پیش نظر فصلوں اور کھلیانوں کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کریں تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
شہرِ قائد میں سورج آگ برسانے لگا، صبح کے وقت ہی درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ گرمی کی شدت 37 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم گرم، مرطوب اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مغربی سمت سے 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جو گرمی کی شدت کو مزید بڑھا رہا ہے۔ماہرینِ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دن کے سب سے گرم حصے یعنی دوپہر 12 بجے سے 3 بجے کے درمیان غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ ساتھ ہی شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج پیر کی شام سے بدھ تک اسلام آباد سمیت گرد ونواح کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،اس کے علاوہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر سمیت بالائی پنجاب میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شدید گرمی سے متاثرہ پاکستان کے جنوبی علاقوں کے شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اسی مدت کے دوران شمالی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے،آج سے بدھ کے دوران جنوب مشرقی سندھ میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
دریں اثنا ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ 29 سے 31 مئی تک بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا اور اس دوران طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوگی۔ ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال پری مون سون بارشیں بھی زیادہ ہوں گی جبکہ مون سون بارشیں زیادہ خطرناک ہوں گی۔