سٹی42: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ چند مقامات پر ژا لہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔
شہر لاہور کا موسم مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور صبح کے وقت ہوائیں چلنے کی وجہ سے گرمی کے احساس میں فی الوقت کمی محسوس کی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آج (بدھ) اور کل (جمعرات) بارش ہونے کے چند امکانات موجود ہیں۔ دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کی وجہ سے موسم میں تبدیل ہوتا رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 21 اور زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا تاہم فضائی آلودگی میں کمی دیکھنے کو نہیں مل سکی۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 196 ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث شہر کی فضا اب تک دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہے۔ائیر کوالٹی انڈیکس کی موجودہ صورتحال کے مطابق لاہور پہلے نمبر پر آلودہ شہر قرار پایا ہے جس کے سبب شہریوں کو سانس کے مسائل اور دیگر صحت کی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی پنجاب، اسلام آباد اورشمالی بلو چستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی ہے، چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ 26 اور 27 مارچ کو آندھی، ژالہ باری اور تیز بارش کی وجہ سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، ژالہ باری اور آندھی سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں کھڑی فصلوں کو نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔
اس دوران درمیانی سے شدیدبارش کے باعث مری، گلیات، ناران، کاغان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، باغ، پونچھ، حویلیاں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، بھکر، لیہ، تو نسہ، ڈیرہ غا زی خان اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورَکزئی، کرم، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، وزیرستان، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں اور ڈی آئی خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں /آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
اس دوران جنوبی اضلاع بعض مقامات پر ژا لہ باری جبکہ با لا ئی اضلاع میں چند مقامات پر درمیا نی سے تیز بارش کا امکان ہے۔ کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، پشین، لورالائی، بارکھان، سبی، خضدار، چاغی اور نوشکی میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
سندھ کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بعد از دوپہر جھکڑ چلنے کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر تیز بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔