ویب ڈیسک : ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل کی مکمل تباہی کے خدشے پر امریکا جنگ میں شامل ہوا، امریکا کو محسوس ہوگیا تھا وہ شامل نہ ہوا تو اسرائیل تباہ ہو جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنی قوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کہا کہ صہیونی ریاست کے خلاف فتح پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا ایران ایک عظیم قوم ہے اور ثابت ہوگیا کہ اسے کبھی شکست نہیں دی جاسکتی، 9 کروڑ نفوس پر مشتمل قوم متحد، ایک آواز، شانہ بشانہ کھڑی ہو کر افواج کی حمایت میں پیش پیش رہی۔
آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ میری جانب سے ہمارے عزیز ایران کی امریکا کے ظالم نظام پر فتح پر مبارک ہو، ہم پر دوبارہ جارحیت مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی حملوں میں صہیونی ریاست پاش پاش ہوگئی۔
اپنے خطاب میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ امریکا اس جنگ میں اس لیے داخل ہوا کہ اسے لگا اگر وہ ایسا نہ کرتا تو اسرائیل مکمل تباہ ہوجاتا، امریکا کو اس جنگ سے کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا لیکن وہ کچھ زیادہ حاصل نہیں کرسکا، امریکی صدر ٹرمپ شومین شپ چاہتے تھے، ایران کے خلاف جارحیت کرنے والوں کو آگے بھی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی قوم نے اپنے ممتاز کردار کا مظاہرہ کیا، ایرانی قوم نے دنیا کو دکھا دیا کہ جب وقت آئے تو یہ قوم ایک آواز بن کر اُبھر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی افواج اسرائیل کے کثیر سطح کے دفاعی نظام کو توڑنے میں کامیاب رہی۔