شہبازشریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کردیا

Overseas Pakistani
کیپشن: Shahbaz Sharif
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فصیح اللہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حق نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کردیا۔شہبازشریف نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دے دی، بیرونِ ملک پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل پیش کرسکیں گے۔

صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں 5 سے 7 اور سینیٹ میں 2 نشستیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔ ان نشتوں پر نمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں۔ سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس طریقہ کار سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمان میں یقینی نمائندگی مل سکتی ہے۔ اسی سوچ کے تحت آزاد جموں وکشمیر اسمبلی میں اوورسیزپاکستانیوں کی نمائندگی کیلئے نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی الیکشن کے وقت ملک آکر ووٹر لسٹ میں اپنے ووٹ کے اندراج کے مطابق ووٹ ڈالیں۔بیرون ملک مقیم ہمارے پاکستانی بہن بھائی ہمارا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کی شان ہیں۔ بیرون ملک مقیم 80 لاکھ پاکستانی ہماری طاقت اور فخر ہیں جو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں ،ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملک سے غیر متزلزل محبت، فکر اور کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

قائد حزب اختلاف کا مزید کہنا تھا کہ ان کے حق رائے دہی کا احترام کرتے ہیں، پاکستان آنے جانے کے دوران ان کے مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔