ویب ڈیسک : اگر سگریٹ نوشی چھوڑنا آپ کو مشکل محسوس ہو رہا ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ طبی ماہرین کی جانب سے سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے میں مددگار آسان طریقہ دریافت کرلیا گیا ہے۔
جرنل نکوٹین اینڈ ٹوبیکو ریسرچ میں شائع ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اگر آپ سگریٹ نوشی کی عادت سے جان چھڑانا چاہتے ہیں تو یوگا کو روزمرہ کے معمولات کا حصہ بنالیں۔ یوگا کو معمول بنانے سے تمباکو نوشی کے عادی افراد کے لیے اس لت سے جان چھڑانا آسان ہو جاتا ہے جبکہ انزائٹی، ڈپریشن اور ان علامات کی شدت گھٹ جاتی ہے، جن کا سامنا سگریٹ سے دور رہنے پر ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام کا تجزیہ کیا گیا تھا، جس کے مطابق یوگا کی مشقیں کرنے سے سگریٹ نوشی سے نجات پانے کا امکان 50 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ یوگا ایسی جسمانی سرگرمی ہے جو تمباکو نوشی سے نجات دلانے میں نمایاں حد تک مدد فراہم کرتی ہے۔
اس تحقیق میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 629 افراد پر ہونے والے 7 کلینیکل ٹرائلز کے شواہد کا تجزیہ کیا گیا تھا جبکہ 5 دیگر تحقیقی رپورٹس کے نتائج کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس تحقیق میں دیکھا گیا تھا کہ یوگا کی مختلف اقسام سے تمباکو نوشی سے نجات پانے میں کس حد تک مدد ملتی ہے۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ یوگا سے نہ صرف اس لت سے نجات پانے میں مدد ملتی ہے بلکہ ان علامات کی شدت بھی گھٹ جاتی ہے جن کا سامنا سگریٹ چھوڑنے کے باعث ہوتا ہے۔