سٹی 42: سعودی نشریاتی ادارے العربیہ نے ایرانی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے پاکستان کو مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ممکنہ مذاکرات جنیوا، دوحہ یا اسلام آباد میں ہو سکتے ہیں۔
العربیہ کے مطابق ایران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت مذاکرات جاری رکھنے کا پیغام دیا ہے۔ ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ تہران مذاکرات سے دستبردار نہیں ہوا بلکہ انہیں عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا، اور بات چیت اسی مرحلے سے دوبارہ شروع کی جا سکتی ہے جہاں یہ سلسلہ رکا تھا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نے پاکستان کو آگاہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں نئی گزرگاہ کے قیام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ ایرانی مؤقف کے مطابق مذاکرات میں سب سے پہلے آبنائے ہرمز کے معاملے پر بات ہونی چاہیے، اس کے بعد منجمد اثاثوں اور پھر جوہری پروگرام سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق یہ تمام معلومات ایرانی ذرائع کے حوالے سے سامنے آئی ہیں، جبکہ اس حوالے سے ایران یا پاکستان کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔