ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

محکمہ موسمیات کا الرٹ: لاہور سمیت پنجاب میں آج رات اور پیر کو تیز بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کا الرٹ: لاہور سمیت پنجاب میں آج رات اور پیر کو تیز بارش کا امکان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج رات اور پیر کے روز تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ کے مطابق مشرقی پنجاب کے چند علاقوں میں موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ساہیوال، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولپور، بہاولنگر، جھنگ، خوشاب، مری اور گلیات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ آج رات اور پیر کی صبح متوقع موسلادھار بارش کے باعث لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ساہیوال، میرپورخاص اور عمرکوٹ کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی بھی آ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پنجاب کے علاقے نورپور تھل میں سب سے زیادہ 140 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔