ملک اشرف : بری ہونے کے باوجود کیریکٹر سرٹیفکیٹ میں سابقہ مقدمات کا حوالہ دینے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر ڈی پی او منڈی بہاؤالدین کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
جسٹس ابہر گل خان نے شہری محمد ادریس کی جانب سے دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ڈی پی او عبدالرحیم شیرازی کو 27 فروری کو صبح عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ مقدمات میں بری ہو چکے ہیں، اس کے باوجود ان کے کیریکٹر سرٹیفکیٹ میں سابقہ مقدمات کا ذکر کیا گیا، جو کہ عدالتِ عالیہ کے واضح احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ اس سے قبل قرار دے چکی ہے کہ جن افراد کو عدالتوں سے بری کیا جا چکا ہو، ان کے کیریکٹر سرٹیفکیٹس میں سابقہ مقدمات کا اندراج نہیں کیا جائے گا۔ اس کے باوجود متعلقہ پولیس حکام کی جانب سے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
عدالت نے ڈی پی او کو ذاتی طور پر پیش ہو کر وضاحت دینے کی ہدایت کی ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود کیریکٹر سرٹیفکیٹ میں مقدمات کا ذکر کیوں کیا گیا۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالتی حکم عدولی پر ڈی پی او کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔