ملک اشرف:لاہور ہائی کورٹ میں 13 سالہ مغوی لڑکی کی عدم بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ڈی پی او جھنگ ساجد حسین کھوکھر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
جسٹس تنویر احمد شیخ نے سائل غلام مصطفیٰ کی درخواست پر سماعت کی۔ ڈی پی او جھنگ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل حافظ ظہیر ناصر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دو مرتبہ ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے تفتیش کی گئی، تاہم بچی بازیاب نہیں ہو سکی۔ مغوی کی بازیابی کے لیے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر کون ہے، جس پر بتایا گیا کہ متعلقہ افسر بھی عدالت میں موجود ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا یہ اتنا بڑا معاملہ ہے کہ بچی اب تک بازیاب نہیں ہو سکی۔
ڈی پی او ساجد حسین کھوکھر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ انہوں نے گزشتہ روز ہی عہدے کا چارج سنبھالا ہے اور بچی کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
عدالت نے ڈی پی او جھنگ کو آئندہ سماعت تک مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔