ویب ڈیسک: بھارت کے سابق اوپنر شیکھر دھون کو اپنی سابقہ اہلیہ کے ساتھ جاری قانونی تنازع میں اہم کامیابی حاصل ہوگئی ہے، جہاں عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی کی فیملی کورٹ نے ایشا مکھرجی کو ہدایت کی ہے کہ وہ شیکھر دھون کو تقریباً 5 کروڑ 72 لاکھ روپے واپس کریں۔ عدالت نے قرار دیا کہ آسٹریلیا کی فیملی کورٹ کا ’’پراپرٹی سیٹلمنٹ‘‘ فیصلہ بھارتی قوانین سے مطابقت نہیں رکھتا، لہٰذا وہ 16.9 کروڑ روپے کے مزید دعوے کی حقدار نہیں ہیں۔
یہ فیصلہ شیکھر دھون کی حالیہ شادی کے کچھ عرصے بعد سامنے آیا۔ انہوں نے حال ہی میں دہلی این سی آر میں اپنی ساتھی Sophie Shine سے سادگی سے شادی کی، جس میں قریبی دوستوں اور چند کرکٹرز نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ شیکھر دھون اور ایشا مکھرجی کی شادی 2012 میں ہوئی تھی اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔ 2021 میں علیحدگی کے بعد 2023 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق شادی کے دوران دھون نے ایشا کو تقریباً 13 کروڑ روپے منتقل کیے تھے۔