مصنوعی بارش کے بعد سموگ میں کمی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک اور اہم اقدام

مصنوعی بارش کے بعد سموگ میں کمی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک اور اہم اقدام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے: سموگ میں کمی کیلئے مصنوعی بارش کے بعد وزیراعلی محسن نقوی کا ایک اور اہم اقدام، وزیراعلیٰ پنجاب کی ذاتی کاوشوں سے چین کے ماہرین ماحولیات کی خصوصی ٹیم اگلے ہفتے لاہور آئے گی، سموگ بڑھنے کی اصل وجوہات سامنے لانے کیلئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹس سے سٹڈی کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔  

 وزیر علیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد سموگ کا اجلاس طلب کیا گیا، جس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،منصور قادر،عامر میر،اظفر علی ناصر ، ڈاکٹر جمال ناصر،بلال افضل،ابراہیم حسن مراد، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ماہرین ماحولیات اور ماہرین صحت سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔ 

اجلاس میں ماہرین ماحولیات اور ماہرین صحت سے تفصیلی مشاورت کی گئی،  سموگ بارے میں بریفنگ دی گئی۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب نے غیرمعیاری پٹرول وڈیزل فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور انتظامیہ کو غیرمعیاری پٹرول وڈیزل فروخت کرنیوالوں کیلئے بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی، ساتھ ہی سڑکوں پر پانی کے چھڑکاؤ کی بجائے سڑکوں سے مٹی کو مکمل طور پر صاف کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی سڑکوں کو دھونے کیلئے ٹیموں کی تعداد میں اضافے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سموگ بڑھنے کی اصل وجوہات سامنے لانے کیلئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹس سے سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔  
محسن نقوی نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ہمارے پاس سموگ بڑھنے کی وجوہات کی مستند ریسرچ ہی نہیں، ہم صرف سنی سنائی باتوں اور قیاس آرائیوں کے ذریعے سموگ پر قابو نہیں پا سکتے، عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے مستند ڈیٹا سے ہی سموگ سے نمٹنے کیلئے جامع اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ ماسک لازمی پہنیں تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔