ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے شہری اور دیہی علاقوں میں پالتو کتوں کی رجسٹریشن کو لازمی قرار دے دیا ہے، جس کے لیے باقاعدہ رجسٹریشن فارم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق گھروں، ڈیروں اور گلی محلوں میں کتے رکھنے والے افراد کو اپنے پالتو جانوروں کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنا ہوگا۔ فارم میں مالک کا نام، کتے کی نسل اور دیگر ضروری معلومات درج کرنا لازمی ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پالتو کتوں کی ویکسینیشن بھی لازمی قرار دی گئی ہے، جس کے لیے شہریوں کو متعلقہ لائیو اسٹاک اداروں سے رجوع کرنا ہوگا۔
حکومت کی جانب سے عوامی مقامات پر کتوں کو کھلا چھوڑنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے پالتو جانوروں کو باندھ کر رکھیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان اقدامات کا مقصد شہریوں، خصوصاً بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔