ملک اشرف : اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ملک عمر طاہر کے استعفے کا معاملہ اہم مرحلے میں داخل ہوگیا، استعفیٰ واپس لینے کے لیے مختلف اہم شخصیات نے ملک عمر طاہر سے رابطے شروع کر دیے۔
ذرائع کے مطابق اہم شخصیات کی جانب سے ملک عمر طاہر سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ استعفیٰ دینے کا فیصلہ واپس لیں اور بطور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف سطحوں پر ہونے والے رابطوں میں ملک عمر طاہر کو استعفیٰ واپس لینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ اہم شخصیات نے ملک عمر طاہر کے قانونی امور میں کردار اور سرکاری مقدمات کی پیروی کے حوالے سے بھی ان سے کام جاری رکھنے کی درخواست کی۔
ذرائع کے مطابق ملک عمر طاہر نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے سیکرٹری قانون پنجاب کو استعفیٰ بھجوایا گیا۔تاہم استعفے کے بعد اہم شخصیات کی جانب سے رابطوں کا سلسلہ شروع ہونے کے باعث معاملہ نئی صورت اختیار کر گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملک عمر طاہر سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے استعفے پر نظرثانی کریں اور عہدے پر کام جاری رکھیں۔ دوسری جانب استعفیٰ واپس لینے یا برقرار رکھنے کے حوالے سے ملک عمر طاہر کی جانب سے حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ملک عمر طاہر کے استعفے کے معاملے پر قانونی حلقوں میں بھی دلچسپی پائی جا رہی ہے جبکہ آئندہ چند روز میں معاملے پر اہم پیش رفت متوقع ہے۔