وقاص احمد:کاہنہ لدے کے بھلر گاؤں کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ، ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق پولیس محافظوں نے تین موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔
پولیس نے زخمی ڈاکو حسن کو گرفتار کرکے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
ایس پی اسد علی کے مطابق گرفتار ملزم چوری اور ڈکیتی سمیت 60 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل اور پستول بھی برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے دونوں ملزمان حسیب اور بلال کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔