حاشر وڑائچ:اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر کی گئی بریت کی درخواستوں کو 7 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔
عدالتی شیڈول کے مطابق کیس کی سماعت جسٹس انعام امین منہاس کریں گے جو اس مقدمے میں دائر تمام درخواستوں کا جائزہ لیں گے۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی جانب سے نہ صرف بریت کی استدعا کی گئی ہے بلکہ انہوں نے اس مقدمے میں جاری ٹرائل کو روکنے کی بھی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ درخواستیں رواں سال جنوری میں عدالت میں دائر کی گئی تھیں جن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مقدمے میں کوئی قانونی جواز یا ٹھوس شواہد موجود نہیں لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ وہ فوری طور پر بری کر دے اور ٹرائل کو روک دیا جائے۔
توشہ خانہ ٹو کیس میں نیب کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے قیمتی تحائف کے حصول میں بے ضابطگیاں کیں اور اثاثہ جات کے گوشواروں میں ان کا مکمل یا درست اندراج نہیں کیا۔