سعود بٹ: لاہور میں جم خانہ مال روڈسےجیل روڈ تک بننےوالی ظفرعلی پلاسٹک روڈکاافتتاح پیر کے روز وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ظفر علی پلاسٹک روڈ کا معائنہ کیا اور اس کے معیار کاجائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پلاسٹک روڈ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری تعمیرات ومواصلات نے پلاسٹک روڈکی افادیت کے متعلق بریفنگ دی جبکہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کےپروفیسرز نے بھی پلاسٹک روڈز کے آئیڈیا کے پس منظر اورر تکنیکی پہلووں پر بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ نے پلاسٹک روڈ کی تعمیر میں تکنیکی معاونت پر یو ای ٹی کے پروفیسرز کی خدمات کو سراہا۔
محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا، پلاسٹک روڈ کے کامیاب تجربے کے بعد اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائےگا۔ ایک ماہ تک موجودہ پلاسٹک روڈ کا جائزہ لیکر مزید پلاسٹک روڈزبنائیں گے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بتایا کہ مال روڈ کو بھی پلاسٹک روڈ میں تبدیل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک روڈکم ازکم 10سال تک چلتی ہے۔
پلاسٹک روڈ کی تعمیر میں استعمال شدہ شاپرز و دیگر پلاسٹک استعمال ہوتا ہے۔یہ سڑک اسفالٹ اور پتھر کی بجری سے بنائی گئی سڑکوں کے مقابلے میں دیر پا ہوتی ہےاور نسبتاً کم لاگت سے تیار ہوتی ہے۔ پلاسٹک روڈ کی دیکھ بھال کی بھی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی۔
اس سڑک کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ اسفالٹ کی سڑکوں کی طرح بارش کے پانی سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوتی۔