سٹی42: خطرناک پٹ بل کتے نے پڑوسیوں کے بچے پر حملہ کر دیا، بچے کا کان کاٹ کر جسم سے الگ کر دیا۔
پڑوسی ملک بھارت کے دارالحکومت دہلی میں ایک 6 سالہ بچہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہپڑوسی کے پٹ بل کتے نے گھر سے باہر نکل کر اس پر حملہ کر دیا اور اسے کئی جگہ کاٹ لیا۔ جب تک آس پاس کے لوگ بچے کو بچانے کے لیے پہنچے تب تک کتا بچے کا کان کاٹ کر الگ کر چکا تھا
دہلی میںآوارہ کتوں کی بہتات ہے جو کاٹتے کم ہیں لیکن یہ دلخراش واقعہ گھر مین پالے ہوئے خطرناک نسل پٹ بل کے کتے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ دہلی کے پریم نگر علاقہ میں ’پٹ بُل‘ کتے نے 6 سال کے معصوم بچے پر حملہ کر دیا۔ کتے نے بچے کو اس قدر نوچا کہ اس کا دایاں کان الگ ہوگیا۔ فی الحال بچے کو تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس کی تشویشناک حالت کے سبب پہلے ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بچے کو بڑے ہسپتال بھیج دیا۔
کتے کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس نے ایک بار پھر کئی سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ کتے کے مالک کی شناخت راجیش پال کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ شب کا ہے جب بچہ اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا۔ افسر نے بتایا کہ پریم نگر پولیس سٹیشن میں شام 5:38 بجے ایک پی سی آر کال موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ ایک بچے کو پٹ بل نے سنگین طور سے زخمی کردیا ہے اور اس کے والدین اسے ہسپتال لے گئے ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا کہ لڑکا انکلیو میں اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک پڑوسی کے گھر سے پٹ بل نکلا اور اس پر حملہ کردیا۔ یہ کتا راجیش پال (50) کا ہے جو پیشے سے درزی ہیں۔ کتا ان کے بیٹے نے پالا تھا جو آج کل اقدام قتل کے مقدمہ میں جیل میں بند ہے۔
کتے کے حملے میں بچے کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور کتے نے اس کادایاں کان کاٹ لیا۔ افسر نے کہا کہ راہگیروں کی مدد سے والدین لڑکے کو بچانے میں کامیاب رہے اور اسے روہنی کے بی ایس اے اسپتال لے گئے۔ متاثرہ کو بعد میں صفدر جنگ اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کا ابھی علاج چل رہا ہے۔
دہلی میں کتوں کی بہتات کے مقدمہ میں بھارت کی سپریم کورٹ نے حکم صادر کر رکھا ہے کہ سڑکوں سے آوارہ کتے ہٹائیں،ان کو شیلٹر ہوم میں رکھیں، سپریم کورٹ نے اس سلسلہ میں کئی اہم احکامات جاری کئے لیکن گھروں میں رکھے جانے والے خطرناک نسل کے کتوں کی ہینڈلنگ کے متعلق عدالت نے کبھی کوئی حکم نہیں دیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس کتے کو تقریباً ڈیڑھ سال قبل راجیش پال کا بیٹا سچن پال گھر لایا تھا جو ابھی قتل کی کوشش کے ایک معاملے جیل میں بند ہے۔ پولیس نے کہا کہ ایک ٹیم نے بچے کے ہسپتال کا ریکارڈ اکٹھا کیا ہے اور متاثرہ کے والد دنیش (32) کا بیان لیا ہے، جو کیرتی نگر میں ایک پرائیویٹ فیکٹری میں کام کرتے ہیں۔