ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چقندر کاجوس آپ کو کن موذی بیماریوں سے بچا سکتا ہے؟حیران کن انکشاف

چقندر کاجوس آپ کو کن موذی بیماریوں سے بچا سکتا ہے؟حیران کن انکشاف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ چقندر کے جوس کا روزانہ ایک گلاس دل کی صحت بہتر بنانے اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر معمر افراد کے لیے۔

 ایکسٹر یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق نائٹریٹ سے بھرپور چقندر کا جوس منہ میں موجود بیکٹیریا میں مثبت تبدیلیاں پیدا کرتا ہے، جس کے نتیجے میں نائٹرک آکسائیڈ کی پیداوار بڑھتی ہے اور بلڈ پریشر کم ہونے میں مدد ملتی ہے۔

 تحقیق میں 30 سال سے کم عمر 39 افراد جبکہ 60 سے 80 سال کے درمیان 36 افراد کو شامل کیا گیا۔ شرکاء کو دو مختلف مراحل میں چقندر کا جوس پلایا گیا، جن میں ایک مرحلے میں نائٹریٹ سے بھرپور جوس جبکہ دوسرے میں پلیسبو جوس استعمال کرایا گیا۔

 ماہرین نے تحقیق کے دوران شرکاء کے منہ میں موجود بیکٹیریا کا جائزہ لیا اور معلوم کیا کہ چقندر کے جوس کے استعمال سے معمر افراد میں نقصان دہ بیکٹیریا کی تعداد کم جبکہ مفید بیکٹیریا کی سطح میں اضافہ ہوا۔

 تحقیق کے مطابق جن معمر افراد کا بلڈ پریشر زیادہ تھا، ان میں چقندر کا جوس پینے کے بعد نمایاں کمی دیکھی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ درمیانی عمر میں نائٹریٹ سے بھرپور غذاؤں کا استعمال بلڈ پریشر اور دل کے امراض سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

 چقندر کے علاوہ پالک، سلاد پتے اور سونف میں بھی قدرتی نائٹریٹ پایا جاتا ہے، جو جسم میں نائٹرک آکسائیڈ بنانے کے عمل کو بہتر بناتا ہے۔

 تحقیق کے نتائج طبی جریدے “فری ریڈیکل بائیولوجی اینڈ میڈیسن” میں شائع کیے گئے۔

 اس سے قبل 2022 میں برطانیہ کی کوئین میری یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بھی بتایا گیا تھا کہ چقندر کے جوس کا روزانہ استعمال دل کی شریانوں میں ورم کم کرنے اور ہارٹ اٹیک کے خطرے کو گھٹانے میں مدد دے سکتا ہے۔

 ماہرین کے مطابق چقندر کا جوس دل کی شریانوں کے افعال بہتر بنانے اور جسم میں نائٹرک آکسائیڈ کی سطح بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جس سے دل کے مریضوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔