سٹی42: پاکستان ریلوے کو مسافروں کی کمی کے باعث لاہور سے کراچی جانے والی دو اہم ٹرینیں بزنس ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس منسوخ کرنا پڑیں۔
ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ مسافروں کو پریشانی سے بچانے کیلئے متبادل انتظامات کیے گئے ہیں۔ بزنس ایکسپریس کے مسافروں کو کراچی ایکسپریس میں منتقل کر دیا گیا ہے جو شام 6 بجے اپنے مقررہ وقت پر لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔
اسی طرح شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو گرین لائن ایکسپریس میں اکاموڈیٹ کیا گیا ہے جو رات 8 بج کر 50 منٹ پر لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مسافروں کی غیر معمولی کمی کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور دیگر ٹرینوں میں گنجائش ہونے کے باعث فوری متبادل فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کو کسی قسم کی زحمت نہ ہو۔