سٹی42: ٹریفک پولیس نے ای چالان نادہندہ ٹاپ 1000 گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا, ای چالان کی عدم ادائیگی پر اب سرکاری گاڑیاں بھی کارروائی کی زد میں آئیں گی۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق 12 خصوصی ریکوری ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو شہر بھر میں سیف سٹی ڈیٹا کے ذریعے ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کو ٹریس کر رہی ہیں اور موقع پر جرمانے وصول کیے جا رہے ہیں۔
اب تک کی کارروائی میں تقریباً 300 سے زائد ڈیفالٹر گاڑیاں پکڑی جا چکی ہیں۔ حیران کن طور پر ایک ایسی موٹر سائیکل بھی پکڑی گئی جس پر 313 ای چالان تھے اور جرمانہ 3 لاکھ 35 ہزار 300 روپے تک پہنچ چکا تھا۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ ای چالان ڈیفالٹرز میں سرکاری اداروں کی گاڑیاں بھی شامل ہیں اور ان کی علیحدہ فہرست تیار کر لی گئی ہے، جلد ان پر بھی ایکشن ہوگا۔