ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

محسن نقوی کی یوم تکریم شہداء کے موقع پر یادگار شہدا پر حاضری  

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی یوم تکریم شہداء کے موقع پرپولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں یادگار شہداء پر حاضری، پھول چڑھائے اور شہدا کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔

  نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی یوم تکریم شہداء کے موقع پرپولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں یادگار شہداء پر حاضری، یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے، شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی  اور شہداء کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

 محسن نقوی نے تقریب میں موجود پولیس شہداء کی فیملیز سے ملاقات کی اور بچو ں کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا، انہوں نے شہداء کے خاندانو ں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں، انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں یوم تکریم شہداء کی تقریب سے خطاب بھی کیا۔ اس تقریب میں  کمشنر لاہور ڈویژن اور سی سی پی او لاہور سمیت لاہور پولیس کے افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارا افتخار ہیں ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، شہداء نے اپنا آج ہمارے کل کے لئے قربان کیا، شہداء اور ان کی فیملی سے عزت و تکریم کا مضبوط رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا، شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال اوراحترام ہماری ذمہ داری ہے، جسے ہر حال میں نبھائیں گے، مہذب قومیں اپنے شہداء کو عزت و تکریم سے یاد رکھتی ہیں، پہلے ہم صرف 6ستمبر مناتے تھے،  آج کا دن شہدا کی توہین کرنے والے شر پسند عناصر کو قوم کا بھر پور جواب ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہدا اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کیلئے گزشتہ 3ماہ میں وہ انقلابی اقدامات کئے ہیں جو اپنی مثال آپ ہیں،  9 مئی کو شرپسندوں کی جانب سے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کر کے دشمن کو خوش کیا گیا، شہداکی یادگاروں کو نقصان پہنچا کر وطن دشمنی کا ثبوت دیا گیا، شہداء کے خاندانوں سمیت پوری قوم نے ان واقعات پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا، پاکستانی قوم اپنے شہداء کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کر سکتی، 9 مئی کے واقعات میں زخمی ہونے والے پولیس افسروں اور جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

 یوم تکریم شہداء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ جب تک تمام شر پسند عناصر کو گرفتار نہیں کر لیتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیر اعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب کی خصوصی دلچسپی سے شہدا کے پیکج میں اضافہ کیا گیا ہے۔