ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 میٹا پر بچوں کی ذہنی صحت کو نقصان پہنچانے پر9000 کروڑ روپے سے زائد کا جرمانہ 

عدالت کے فیصلے سے اختلاف کا اظہار , کمپنی اپیل کرے گی, میٹا ترجمان

 میٹا پر بچوں کی ذہنی صحت کو نقصان پہنچانے پر9000 کروڑ روپے سے زائد کا جرمانہ 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) امریکا کی ریاست نیو میکسیکو میں ایک جیوری نے منگل کو میٹا کو بچوں کی ذہنی صحت کو نقصان پہنچانے اور بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق خطرات کو چھپانے کا قصوروار ٹھہرایا دیا ۔ جیوری نے میٹا پر بچوں کی ذہنی صحت کو نقصان پہنچانے پر9000 کروڑ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو میکسیکو کے اٹارنی جنرل راؤل ٹوریز کے ذریعہ 2023 میں دائر کئے گئے اس مقدمے میں الزام لگایا گیا تھا کہ میٹا سوشل میڈیا کے خطرات اور نشے کے مسائل کو مکمل طور پر ظاہر کرنے میں ناکام رہا ہے۔ جیوری نے ریاستی استغاثہ کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ میٹا (انسٹاگرام، فیس بک اور واٹس ایپ کا مالک) نے منافع کو حفاظت پر ترجیح دی۔ جیوری نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ کمپنی نے بچوں کی ذہنی صحت اور جنسی استحصال کے خطرات کے بارے میں گمراہ کن معلومات فراہم کیں اور غیر منصفانہ کاروباری طریقوں کا استعمال کیا۔  تقریباً 7 ہفتوں تک جاری رہنے والے اس مقدمے کی سماعت کے بعد آنے والے اس فیصلے کو ٹیک کمپنیوں کے خلاف سختی کے بڑھتے رجحان کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

جیوری کے مطابق اس مقدمہ میں ہزاروں خلاف ورزیاں ہوئی ہیں جن کی بنیاد 375 ملین ڈالر یعنی 9000 کروڑ روپے سے زائدکا جرمانہ طے کیا گیا جو استغاثہ فریق کے مطالبے سے کافی کم ہے۔ حالانکہ کمپنی کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 1.5 ٹریلین ڈالر ہے اور فیصلے کے بعد اس کے حصص میں تقریباً 5 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ جیوری نے اس بات کا بھی جائزہ لیا کہ کمپنی نے 13 سال سے کم عمر کے صارفین پر پابندیاں نافذ کرنے، نوعمروں کی خودکشی سے متعلق مواد اور نقصان دہ مواد کو فروغ دینے والے الگورتھم جیسے مسائل پر کیا معلومات شیئر کیں۔ میٹا کے وکلاء نے کہا کہ کمپنی خطرات کو اجاگر کرتی ہے اور نقصان دہ مواد کو ہٹانے کی کوشش کرتی ہے، حالانکہ کچھ مواد حفاظتی طریقہ کار سے بچ نکلتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فی الحال میٹا کو فوری طور پر اپنے کام کاج میں بدلاؤ کرنے کے لیے مجبور نہیں کیا گیا ہے۔ اب یہ طے کرنا ایک جج پر منحصر ہوگا کہ کیا میٹا کے پلیٹ فارم عوامی نقصان کا سبب بنے اور کیا کمپنی کو اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی تلافی کرنی ہوگی۔ اس معاملے کی اگلی سماعت مئی میں ہوگی۔
  میٹا کے ترجمان نے عدالت کے فیصلے سے اختلاف کا اظہار کیا اور کہا کہ کمپنی اپیل کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میٹا اپنے پلیٹ فارمز پر لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے مسلسل کام کرتا ہے اور نقصان دہ مواد کو ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ معاملہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف قانونی مقدمات کی بڑھتی ہوئی تعداد میں سے ایک ہے۔