جنید ریاض:پنجاب میں سکولوں میں داخلوں کی حوصلہ افزا مہم کے تحت سکول سربراہان کے لیے نیا ٹاسک متعین کر دیا گیا ہے۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ سرکاری سکولوں کو سال 2026-27 کے لیے داخلوں کے اہداف پورے کرنے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ہر سکول کو موجودہ طلبہ تعداد کے مطابق الگ الگ داخلوں کے اہداف حاصل کرنا ہوں گے۔اہداف پورا نہ کرنے والے سکول سربراہان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔آؤٹ آف سکول بچوں کے داخلوں کے اہداف میں 10 فیصد رعایت دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں سے جوڑا جا سکے۔
ڈیپارٹمنٹ نے تمام سکولوں کو ہدایت دی ہے کہ انرولمنٹ مہم کو فعال انداز میں چلائیں۔ ضلعی سطح پر مہم کے افتتاحی پروگرامز منعقد کیے جائیں گےاور کمیونٹی موبلائزیشن اور عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ والدین اور کمیونٹی کو شامل کیا جا سکے۔
ڈی ایم اوز اور سی ای اوز کو مہم کی کڑی نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے، اور انرولمنٹ ٹارگٹس واٹس ایپ کے ذریعے اضلاع کو ارسال کیے جائیں گے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ مہم کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ ادارے فعال کردار ادا کریں گے تاکہ ہر بچے کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔