فاران یامین :شہر میں موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے نئی پیشگوئی جاری کر دی ہے، رواں ہفتے کے دوران بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کی کوئی توقع نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جس کے باعث موسم قدرے خوشگوار محسوس ہوگا۔ درجہ حرارت کی بات کی جائے تو کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
شہر میں ہلکی رفتار سے ہوائیں چلیں گی، جن کی رفتار تقریباً 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نےبتایا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہو گیا ہے جس کے اثرات مختلف علاقوں میں ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت مختلف شہریوں میں آج بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
کراچی میں کل تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے،حکام کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آج سے 29 مارچ تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔