ویب ڈیسک: فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( فیسکو) نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کو ہدایت کی ہے کہ حکومتی سبسڈی برقرار رکھنے کے لیے بجلی کے بل پر موجود QR کوڈ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن اور تصدیق کا عمل جلد مکمل کریں، بصورت دیگر سبسڈی کے حصول میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
فیسکو کے مطابق وزارتِ توانائی کی ہدایات اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد عامر کی زیر نگرانی بجلی کے بلوں پر موجود QR کوڈ کے ذریعے صارفین کی تصدیق کی مہم تیز کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مستحق صارفین تک حکومتی سبسڈی کی بروقت فراہمی اور نظام کو مزید شفاف اور ڈیجیٹل بنانا ہے۔
ترجمان فیسکو محمد سعید رضا نے بتایا کہ فیسکو ریجن میں حکومتی سبسڈی کے اہل پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد 39 لاکھ 51 ہزار 336 ہے، جن میں سے اب تک 17 لاکھ 13 ہزار 110 صارفین کامیابی سے QR ویریفکیشن مکمل کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 22 لاکھ 38 ہزار 126 صارفین نے تاحال رجسٹریشن نہیں کرائی، جس کے باعث مستقبل میں ان کی حکومتی سبسڈی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
فیسکو کے مطابق رجسٹریشن کے لیے صارفین اپنے تازہ ترین بجلی کے بل پر موجود QR کوڈ موبائل فون سے اسکین کریں، قومی شناختی کارڈ نمبر اور رجسٹرڈ موبائل نمبر درج کریں، پھر موصول ہونے والا ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) داخل کرکے تصدیقی عمل مکمل کریں۔
فیسکو انتظامیہ نے واضح کیا کہ اس نظام کا مقصد سبسڈی کے ناجائز استعمال کی روک تھام اور حکومتی ریلیف صرف مستحق صارفین تک پہنچانا ہے۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف اپنے اصل بجلی کے بل پر موجود QR کوڈ استعمال کریں اور کسی بھی جعلی ویب سائٹ، مشکوک لنک یا غیر مصدقہ پلیٹ فارم پر اپنی ذاتی معلومات ہرگز درج نہ کریں۔