شاہنواز دھانی پاکستان کو ورلڈ کپ جتوانے کے خواہشمند

Shahnawaz Dahani
کیپشن: Shahnawaz Dahani
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فیروز پور روڈ ( حافظ شہبازعلی) قومی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانے کی خواہش ہے، تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کا خواہاں ہوں، وکٹ لینے کی سلیبریشن کارلوس بریتھ ویٹ نے سکھائی، اب شاہنواز دھانی پہلے سے زیادہ محنت کرتا دکھائی دے گا۔

 ایک انٹرویو میں شاہنواز دھانی نے کہا کہ لاڑکانہ سے قومی کرکٹ ٹیم میں آنا میرے لئے باعث فخر ہے، گاؤں میں والد کے ساتھ کھیتوں میں کام کرتا تھا، گاؤں میں ہمارے چاول، گندم اور امرود کے باغات تھے، گاؤں کے ماحول میں ٹیپ بال کرکٹ کھیلی جاتی ہے، وہاں ہارڈ بال کرکٹ کھیلنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ والد کے دوست نے مجھے گاؤں میں آکر دیکھا تو انہوں نے لاڑکانہ کے الشہباز کلب میں شامل کیا۔

 الشہباز کلب کی فرسٹ الیون سے باقاعدہ کرکٹ کا آغاز کیا، یہ کلب پورے لاڑکانہ میں سب سے مشہور کلب ہے۔مجھے تو پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ کا طریقہ کار معلوم نہیں تھا۔ دوستوں نے بہت سپورٹ کیا، جوتے اور کرکٹ کا سامان دیا۔والد صاحب مجھے پڑھا کر افسر بنانا چاہتے تھے۔ والد نے کرکٹ کھیلنے کی بہت مشکل سے اجازت دی۔ والد کے دوست نے انہیں یقین دلایا کہ مجھ میں ٹیلنٹ ہے، الشہباز کلب کی طرف سے پرفارم کرتا تھا تو والد بہت خوش ہوتے تھے۔

 شاہنواز دھانی نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کا بڑا برانڈ ہے، خوش قسمت ہوں مجھے پی ایس ایل میں کھیلنے کا موقع ملا، ملتان سلطانز میں لیجنڈ کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم میں رہا۔

 پی ایس ایل کا بہترین باؤلر بننے پر بہت خوشی ہے، خوشی کی بات ہے کہ ملتان نے ایونٹ جیتا، کراچی میں ملتان کی کارکردگی اتنی اچھی نہیں تھی، ابوظہبی جاکر ملتان سلطانز نے کم بیک کیا، پی ایس ایل کھیل کر گائوں پہنچا تو شاندار استقبال ہوا، آج جو کچھ بھی ہوں اپنے کوچز کی وجہ سے ہوں، ملتان سلطانز کے کوچ اظہر محمود بھائیوں کی طرح سمجھاتے تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کو مجھ سے امیدیں ہیں، میں ان کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، وکٹ لینے کی سلیبریشن کارلوس بریتھ ویٹ نے سکھائی، میرے سٹائل کو بہت پسند کیا گیا۔ 

شاہنواز دھانی نے کہا کہ یہ عید میرے لئے بہت سپیشل ہے، لوگ مجھ سے پیار کرتے ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer