ویب ڈیسک: انٹرنیٹ کی دنیا ایک بار پھر ایک منفرد اور قدرے اداس ٹرینڈ کی لپیٹ میں ہے، جس کا مرکزی کردار ایک “اکیلا پینگوئن” ہے۔ یہ پینگوئن اپنے جھنڈ سے الگ ہو کر برفانی ویرانے کی جانب بڑھتا دکھائی دیتا ہے، اور یہی منظر آج کل سوشل میڈیا پر “مایوس پینگوئن” کے نام سے وائرل ہو چکا ہے۔
یہ ٹرینڈ ایک مختصر ویڈیو کلپ سے شروع ہوا، جس میں ایک پینگوئن اپنے ساتھیوں کو چھوڑ کر انٹارکٹکا کے اندرونی، سنسان اور برف پوش پہاڑوں کی سمت چل پڑتا ہے، جب کہ اس کا قدرتی راستہ سمندر کی طرف ہوتا ہے۔
یہ ویڈیو دراصل معروف جرمن فلم ساز ورنر ہرزوگ کی 2007 میں ریلیز ہونے والی ڈاکیومنٹری Encounters at the End of the World کا حصہ ہے۔ ڈاکیومنٹری کے ایک منظر میں دکھایا گیا ہے کہ ایک پینگوئن اپنے گروہ سے الگ ہو کر ساحل کی بجائے اندرونِ زمین کی جانب سفر اختیار کر لیتا ہے، جو پینگوئنز کی فطری عادات کے خلاف ہے۔ ہرزوگ اپنی آواز میں اس غیر معمولی سفر کو “ڈیتھ مارچ” قرار دیتے ہیں، کیونکہ ماہرین کے مطابق اس سمت میں جانے والے پینگوئن کے زندہ بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔
جنوری 2026 کے آغاز میں اس ڈاکیومنٹری کے مختصر کلپس سوشل میڈیا پر دوبارہ گردش کرنے لگے، تاہم 16 جنوری کو ٹک ٹاک پر پوسٹ کی گئی ایک ایڈیٹ نے اس ٹرینڈ کو عالمی سطح پر مقبول بنا دیا۔ اس ایڈیٹ میں پینگوئن کے مناظر کو اداس موسیقی، آرگن کی دھن اور ہرزوگ کی سنجیدہ آواز کے ساتھ پیش کیا گیا، جس نے دیکھنے والوں کو جذباتی طور پر متاثر کیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس پینگوئن میں اپنی روزمرہ زندگی کی جھلک دیکھی نوکریوں کا دباؤ، رشتوں کی الجھنیں، ذہنی تھکن اور مسلسل یکسانیت۔ بہت سے افراد نے اسے جدید انسان کی علامت قرار دیا جو شور، ہجوم اور توقعات سے دور خاموشی میں اپنا راستہ تلاش کرنا چاہتا ہے۔
یہ ٹرینڈ اس وقت مزید خبروں میں آیا جب وائٹ ہاؤس کے آفیشل اکاؤنٹ سے ایک اے آئی تصویر شیئر کی گئی، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک پینگوئن کے ساتھ کھڑے دکھائے گئے۔ تصویر میں پینگوئن امریکی پرچم تھامے تھا اور پس منظر میں گرین لینڈ کا جھنڈا دکھائی دے رہا تھا، جبکہ کیپشن تھا’ Embrace the Penguin‘۔
تاہم یہ پوسٹ تعریف کے بجائے تنقید کا نشانہ بن گئی۔ صارفین نے نشاندہی کی کہ پینگوئن آرکٹک یا گرین لینڈ میں نہیں پائے جاتے، جبکہ تصویر میں صدر اور پینگوئن کے قدموں کے نشان بھی ایک جیسے دکھائی دے رہے تھے۔ ڈنمارک کے ایک رکنِ پارلیمنٹ نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ’ٹرمپ کا گرین لینڈ سے تعلق اتنا ہی ہے جتنا پینگوئن کا۔‘
سوشل میڈیا پر بننے والے میمز میں پینگوئن کو ایک ایسے کردار کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جو سب کچھ پیچھے چھوڑ کر بغیر کسی واضح منزل کے آگے بڑھ رہا ہےبالکل ویسے ہی جیسے آج کا انسان اکثر خود کو محسوس کرتا ہے۔ یوں “مایوس پینگوئن” محض ایک وائرل ویڈیو نہیں بلکہ جدید دور کے اجتماعی احساسات اور خاموش بے چینی کی علامت بنتا جا رہا ہے، گویا ایک خاموش پینگوئن نے وہ بات کہہ دی ہو جو ہم سب لفظوں میں بیان نہیں کر پاتے۔