ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور ہائی کورٹ بار کے سالانہ انتخابات 28 فروری کو ہوں گے

لاہور ہائی کورٹ بار کے سالانہ انتخابات 28 فروری کو ہوں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف: لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں صرف 2 روز باقی رہ گئے ہیں اور پولنگ 28 فروری کو ہوگی۔

انتخابات کے انعقاد سے قبل ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

الیکشن مہم کے دوران بینرز، فلیکس، اسٹیکرز اور دیگر پرنٹ مواد پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ امیدوار صرف بغیر تصویر وزٹنگ کارڈ انتخابی مہم میں استعمال کر سکیں گے جبکہ احاطہ عدالت اور بار روم میں کسی قسم کا اشتہاری مواد لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

امیدوار یا ان کے سپورٹرز کی جانب سے ایس ایم ایس کے ذریعے انتخابی مہم چلانا ممنوع قرار دیا گیا ہے تاہم واٹس ایپ کے ذریعے مہم کی اجازت ہوگی۔ مدِ مقابل امیدوار کے خلاف بیان بازی یا پریس کانفرنس پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران مذہبی، سیاسی یا سماجی تقریبات منعقد کرنے، راؤنڈ لگانے، دعوتوں اور ضیافتوں کے انعقاد پر مکمل پابندی ہوگی۔

ہر امیدوار کو پانچ سے زائد وکلاء کے ہمراہ انتخابی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ سپورٹرز میٹنگ میں سنگل ڈش اور ایک میٹھے کی اجازت دی گئی ہے، خلاف ورزی کی صورت میں نااہلی ہو سکتی ہے۔ امیدوار 25 سے 27 فروری تک علیحدہ الیکشن آفس قائم کر سکیں گے جہاں صرف ایک فلیکس یا بینر بمعہ تصویر لگانے کی اجازت ہوگی۔

احاطہ ہائیکورٹ اور بار میں اجتماع یا قطار بنا کر ووٹ مانگنے پر پابندی عائد ہے جبکہ انتخابی مہم پولنگ سے 24 گھنٹے قبل ختم کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر 2 سے 6 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے جبکہ دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں 15 لاکھ روپے جرمانہ یا نااہلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

رواں سال انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت منعقد ہوں گے۔ الیکشن قریب آتے ہی امیدواروں کی انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔