علی ساہی: 2017ء سے قبل کے شہداء کے اہلخانہ کے گھروں کی تعمیر کیلئے مالی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق 56 شہداء کی فیملیز کو گھروں کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔
سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب کے دوران 10 شہداء کی فیملیز میں رقوم کے چیکس تقسیم کیے گئے۔ لاہور اور شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے 10 شہداء کی فیملیز کو 5 لاکھ روپے فی کس کے چیکس دیے گئے، جبکہ باقی 46 شہداء کی فیملیز کو متعلقہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز کے ذریعے چیکس تقسیم کیے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب نے تقریب کے دوران شہداء کے اہلخانہ میں مزید 50 لاکھ روپے تقسیم کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں سال 200 نئے گھروں کی تعمیر کیلئے رقوم فراہم کی جائیں گی اور ہر فیملی کو گھر کی تعمیر کیلئے 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق 2017ء سے قبل کے 737 شہداء کے اہلخانہ کو پلاٹس فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ پنجاب پولیس اپنے وسائل سے شہداء کے خاندانوں کو اب تک 12 کروڑ روپے فراہم کر چکی ہے۔ مزید برآں 29 شہداء کی فیملیز انڈومنٹ فنڈ سے گھروں کی تعمیر مکمل کر چکی ہیں۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد، ڈی آئی جی ویلفیئر ذیشان اصغر، ڈی آئی جی آئی ٹی منصورالحق رانا، اے آئی جی ویلفیئر ناصر علی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔