سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا تاہم میدانی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دن خشک رہنے کے ساتھ رات اور صبح سویرے خنکی محسوس کی جائے گی، جبکہ شہر کا فضائی معیار مضر صحت ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ ہو سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 75 فیصد ہے اور شمال مشرقی سمت سے ہلکی رفتار میں ہوائیں چل رہی ہیں۔
فضائی معیار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شہر میں آلودہ ذرات (پرٹیکیولیٹ میٹرز) کی مقدار 190 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے سبب کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد سمیت ملک بھر کے دیگر اضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کا امکان ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد رہے گا۔
گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، بہاول نگر، اوکاڑہ، قصور، خانیوال، خانپور، بہاولپور اور رحیم یارخان میں دھند کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کے ساتھ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور اور شہید بینظیر آباد میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی اور مغربی اضلاع میں شام کے وقت آسمان جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔