اشرف خان: کے الیکٹرک نے سائٹ ایریا میں صنعتی فیڈر سے بجلی چوری کے خلاف بڑی کارروائی کی، جس میں سالانہ 1 کروڑ یونٹس سے زائد بجلی چوری کا انکشاف ہوا اور غیر قانونی کیبلز ہٹا دی گئیں۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق سائٹ ایریا میں صنعتی فیڈر پر کارروائی کے دوران فیلڈ ٹیموں کو منظم مقامی مافیا کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جو بجلی چوری کی روک تھام میں رکاوٹ ڈال رہا تھا۔ کارروائی سے قبل متعلقہ فیڈر پر نقصانات 60 فیصد سے تجاوز کر چکے تھے، جبکہ کارروائی کے بعد گزشتہ 12 ماہ کی نقصان اوسط 53 فیصد رہی۔
ترجمان کے مطابق لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ صنعتی فیڈر سے بجلی چوری کے باعث نظام پر شدید دباؤ تھا۔ اس کارروائی میں ایچ ٹی نیٹ ورک سے منسلک اوور ہیڈ اور زیرِ زمین غیر قانونی کیبلز کا جال بے نقاب کیا گیا اور مکمل طور پر ختم کر دیا گیا۔
کے الیکٹرک نے اس کارروائی کو شفاف اور مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی بجلی چوری روکنے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔