سٹی 42 : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد کے 30 مقامات پر فری وائی فائی کی سہولت شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت اسلام آباد میں شہریوں کو مفت وائی فائی سہولت فراہم کی جائے گی۔ چیئرمین سی ڈی اے علی رندھاوا کی زیرصدارت اجلاس میں فری وائی فائی منصوبے پر اہم فیصلے کیے گئے۔ اسلام آباد کو جلد فری وائی فائی سٹی میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاہم اس حوالے سے بتایا گیا کہ اسلام آباد ڈیجیٹل نہیں سمارٹ سٹی بنے گا، اسلام آباد کو سمارٹ سٹی بنانے کے لیے تمام وسائل استعمال ہوں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں بس اسٹیشنز، پارکس اور رش والے مقامات پر شہریوں کے لیے وائی فائی دستیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی ٹیکنیکل ٹیم، نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کو مکمل معاونت فراہم کرے گی، فری وائی فائی سسٹم کا آپریشن اور مینٹیننس نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کے ذمہ ہوگا۔ حاصل شدہ آمدنی فری وائی فائی سسٹم کی مرمت اور دیکھ بھال پر خرچ کی جائے گی۔