ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی ہے جس میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
یہ درخواست جوڈیشل ایکٹیوزم پینل کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں وفاقی حکومت اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پٹرول کی قیمت 393 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ چکی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق حکومت نے پٹرولیم لیوی کو ریونیو اکٹھا کرنے کا ذریعہ بنا لیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتیں نہ بڑھنے کے باوجود اندرون ملک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، جس سے عام شہری، خصوصاً موٹرسائیکل سوار اور غریب طبقہ شدید متاثر ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیے گئے من مانے اضافے کو کالعدم قرار دیا جائے اور مزید اضافے کو روکا جائے۔