ویب ڈیسک : عمرہ زائرین کے لیے نادرا ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کی لازمی شرط کی ڈیڈلائن میں تیسری بار توسیع کردی گئی اور 10 اکتوبر نئی تاریخ مقرر کی گئی۔
عمرہ زائرین کے لیے ‘نادرا ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ’ کی شرط پر عملدرآمد کی ڈیڈلائن ایک بار پھر تبدیل کر دی گئی ہے۔
نادرا ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ بنوانے کی مدت میں یہ تیسری بار توسیع کی گئی ہے، جس کا باقاعدہ مراسلہ بارڈر ہیلتھ سروسز کی جانب سے پی آئی اے (PIA)، تمام ایئر لائنز، ٹریول ایجنٹس اور دیگر متعلقہ فریقین کو جاری کر دیا گیا ہے۔نادرا ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ کی شرط کے مکمل نفاذ کے لیے اب 10 اکتوبر کی نئی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
اس پالیسی کا بنیادی اطلاق فی الوقت کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز کرنے والے عمرہ زائرین پر ہوگا، جن کے لیے یہ کارڈ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
کراچی سے جانے والے عمرہ زائرین کے لیے روانگی سے قبل پولیو، گردن توڑ بخار اور انفلوئنزا کی ویکسینز لگوانا اور ان کا ڈیجیٹل کارڈ بنوانا ضروری ہے۔بارڈر ہیلتھ سروسز نے مراسلے میں تاکید کی ہے کہ تمام زائرین اپنی روانگی سے قبل اپنا نادرا ڈیجیٹل ویکسینیشن کارڈ لازمی بنوا لیں۔
ایئر لائنز اور ٹریول ایجنسیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ حکام اور نمائندوں کے ذریعے تمام عمرہ زائرین کو اس نئی پالیسی سے بروقت مطلع کریں تاکہ ایئرپورٹ پر کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔