عابد چودھری: کینال روڈ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سی ٹی او لاہور نے ستھرا پنجاب کے چنگچی اور لوڈر رکشوں کے استعمال پر پابندی کی تجویز دے دی۔
سی ٹی او لاہور کی جانب سے ستھرا پنجاب انتظامیہ کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں کینال روڈ پر صفائی آپریشن کے لیے چنگچی اور لوڈر رکشوں کے بجائے دیگر گاڑیاں استعمال کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چنگچی اور لوڈر رکشے کینال روڈ پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا باعث بن رہے ہیں، جس سے مین کینال روڈ جیسے مصروف ترین روٹ پر ٹریفک مینجمنٹ متاثر ہو رہی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے تجویز دی ہے کہ کینال روڈ پر صفائی آپریشن کے لیے چنگچی اور لوڈر رکشوں کے بجائے دیگر موزوں گاڑیاں استعمال کی جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے ساتھ شہریوں کو سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ماڈل روڈ سمیت کینال روڈ پر دیگر تمام لوڈر اور چنگچی رکشوں کا داخلہ پہلے ہی بند ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چنگچی اور لوڈر رکشوں کے خلاف کارروائی کے باعث کینال روڈ پر شہریوں کے ٹریول ٹائم میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 39 ہزار 861 چنگچی رکشوں اور 16 ہزار 832 لوڈر رکشوں کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے۔